جبالیا اور خان یونس: آج صبح فجر کے وقت اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے دو فلسطینی شہید ہو گئے۔ مجد شادی صبحی مسعود آج فجر جبالیا کے علاقے بئر النعجہ میں ایک خیمے پر اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے، اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
دوسرے شہید 24 سالہ نافذ ناجی مصران ہیں، جو خان یونس میں الاقصی یونیورسٹی کے قریب اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے اور آج صبح شہید ہو گئے۔
سند نیوز ایجنسی کے مطابق آج فجر سے اب تک جنگ بندی کی 6 نئی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ دیر البلح کے مشرق میں اسرائیلی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پس منظر
جنگ بندی کا معاہدہ 10 اکتوبر 2025 کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں عرب اور امریکی ثالثی کے تحت طے پایا تھا، لیکن اس کے بعد سے اسرائیلی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سند نیوز ایجنسی کی مانیٹرنگ یونٹ کے مطابق گزشتہ روز ہفتہ کو بھی جنگ بندی کی 11 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں ایک فلسطینی شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔



