ترکیہ، قطر، پاکستان اور انڈونیشیا نے دفاعی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ ترکیہ کی وزارتِ دفاع کے مطابق چاروں ممالک نے دوحہ میں "بدر مفاہمتی یادداشت” (Badr Memorandum of Understanding) پر دستخط کیے، جس کا مقصد فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، تعاون کو وسعت دینا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
ترکیہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ معاشی اعتبار سے بھی خاصی اہمیت رکھتا ہے۔ معاہدے کا مقصد مشترکہ فوجی پیداوار کو فروغ دینا، دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور تکنیکی تربیت، تحقیق و ترقی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔ وزارت کے مطابق ہر ملک کی اپنی منفرد فوجی پیداواری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دفاعی صنعتوں کا انضمام کیا جائے گا، دفاعی صنعتی استعداد کو مضبوط بنایا جائے گا اور دوست و حلیف ممالک کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ بدر معاہدہ ممالک کی دفاعی صنعتوں کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرے گا اور سلامتی کے فروغ اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون کو وسعت دے گا۔
ترکیہ کی دفاعی صنعت کی صدارت کے سربراہ ہالوک گورگن نے کہا کہ یہ معاہدہ مشترکہ پیداوار اور تکنیکی ترقی پر مرکوز "اسٹریٹجک تعاون” کی بنیاد رکھے گا۔ ان کے بقول ٹیکنالوجی کا تبادلہ، مشترکہ ترقی اور مقامی پیداواری صلاحیتوں کا فروغ پائیدار دفاعی صنعت کا بنیادی جزو ہے۔ "ترکیہ کے طور پر ہم ایسے شراکت داروں کو اہمیت دیتے ہیں جو تیار شدہ مصنوعات کی خرید سے آگے بڑھ کر کسی قوم کے انسانی وسائل اور صنعتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا باعث بنیں،” گورگن نے ایک بیان میں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدر مفاہمتی یادداشت قطر، پاکستان، انڈونیشیا اور ترکیہ کی ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی صلاحیتوں کو ٹھوس منصوبوں میں بدلنے میں مدد دے گی۔



