غزہ: اسرائیلی حملے میں شمالی غزہ کے داخلی سیکیورٹی سربراہ محمد ماجد ابو العوف، ان کی اہلیہ نورہ عزت ابو العوف اور ان کی دو بیٹیاں یسری اور جنی شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارت داخلہ اور قومی سلامتی نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ کرنل محمد ماجد ابو العوف (47 برس) آج صبح سویرے شاطی کیمپ میں اپنے گھر پر اسرائیلی بمباری میں اپنی اہلیہ نورہ عزت ابو العوف (41 برس) اور اپنی دو بیٹیوں یسری محمد ابو العوف (15 برس) اور جنی محمد ابو العوف (13 برس) سمیت شہید ہو گئے۔
وزارت داخلہ کا بیان
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ داخلی سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل نعیم ابو نحال کی شہادت کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی حملوں کا مقصد غزہ میں سیکیورٹی کے نظام کو نشانہ بنانا اور معاشرے میں افراتفری پھیلانا ہے۔
بیان میں عالمی برادری، ثالثوں اور جنگ بندی کے ضامنوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں پر خاموشی ختم کریں اور شہریوں پر حملے روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں۔ وزارت داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جو شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔



