ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویت پر ڈرون حملے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کویت پر کوئی ڈرون حملہ نہیں کیا۔ عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگ کا ماحول بنانے کے لیے جھوٹ گھڑ رہا ہے اور ایران پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔
عراقچی نے کویتی وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر بات چیت میں واقعے میں ہونے والے انسانی نقصان اور تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کویت کے ساتھ مل کر واقعے کی مشترکہ تحقیقات کے لیے تیار ہے تاکہ حملے کی اصل صورتحال، اس کا ذریعہ اور ملوث افراد کا تعین کیا جا سکے۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی سے بات کرتے ہوئے عراقچی نے کویت میں ڈرون واقعے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر لگائے گئے الزامات کی کوئی بنیاد نہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابو الفضل شکرجی نے بھی کہا کہ ایران نے خطے میں کوئی فوجی کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات اسرائیل اور امریکی افواج کی جانب سے جھوٹے جھنڈے والی کارروائیوں اور خطے میں عدم استحکام بڑھانے کی کوششوں کا پردہ ہیں۔
پس منظر
کویتی فوج نے اعلان کیا تھا کہ کویت میں ایک اہم مقام کو ایرانی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں دو اطالوی کارکن ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔ ایران نے ابتدا سے ہی اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے جبکہ کویت نے واقعے کی تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔



