غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی صحت اسرائیلی جیل میں تیزی سے بگڑ رہی ہے، اور انسانی حقوق کی تنظیم فزیشنز فار ہیومن رائٹس اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام ان کی بگڑتی حالت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
تنظیم کے مطابق ڈاکٹر ابو صفیہ کے طبی ریکارڈ کے آزاد جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ چار ماہ میں ان کا وزن 14 کلو گرام کم ہوا، خون میں ہیموگلوبن کی سطح میں نمایاں کمی آئی اور سینے میں درد کی بھی مناسب تحقیقات نہیں کی گئیں۔ آزاد معائنہ کرنے والے ڈاکٹر امیت تیروش کو ان کا ذاتی معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، اور انہوں نے عدالت کے اس نتیجے سے اختلاف کیا کہ ہائی بلڈ پریشر ان کی واحد طبی پریشانی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیل حکام نے ڈاکٹر ابو صفیہ کی تازہ ترین طبی فائل جاری کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
بدھ کو دو اسرائیلی عدالتوں نے بغیر کسی الزام کے قید 14 غزہ کے ڈاکٹروں کی رہائی اور ڈاکٹر ابو صفیہ کے آزاد طبی معائنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ ڈاکٹروں کی رہائی کے لیے کوئی غیر معمولی بنیاد نہیں ملی۔
فزیشنز فار ہیومن رائٹس اسرائیل کا کہنا ہے کہ کئی ڈاکٹر دو سال سے زائد عرصے سے بغیر مقدمے کے قید ہیں، جو ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور غزہ کے صحت کے نظام کو مزید کمزور کر رہا ہے، جہاں طبی عملے کی شدید قلت ہے۔
پس منظر
ڈاکٹر ابو صفیہ کو اسرائیلی فوج نے دسمبر 2024 میں شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔ غزہ کا صحت کا شعبہ جنگ کے دوران بڑی حد تک تباہ ہو چکا ہے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کا تقریبا 90 فیصد حصہ نقصان یا تباہی کا شکار ہوا ہے۔ دریہ اثنا الشفا اسپتال کے ذرائع کے مطابق غزہ شہر کے مغربی حصے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ ایک اور فلسطینی منگل کو ایک خاندانی گھر پر حملے میں لگنے والی چوٹوں سے شہید ہو گیا۔
تصویر: الجزیرہ



